27 اگست 2026 - 16:40
امریکی میڈیا کی اربعین پر خصوصی رپورٹ؛ کربلا میں شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر نمایاں

امریکی نشریاتی ادارے این پی آر نے کربلائے معلیٰ سے اپنی رپورٹ میں لاکھوں زائرین کی اربعین واک، موکبوں کی مہمان نوازی اور اس عظیم اجتماع میں مذہبی و سیاسی علامتوں کی موجودگی کو نمایاں کیا، جبکہ اس سال شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصاویر بھی بڑی تعداد میں نظر آنے کا ذکر کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کی صحافی جین آراف نے کربلائے معلیٰ سے اپنی رپورٹ میں اربعین کے موقع پر ہونے والی لاکھوں زائرین کی پیادہ روی کے ماحول کی عکاسی کی ہے۔

جین آراف نے لکھا کہ عراق کے وسط میں واقع شہر کربلا ہر سال 2 کروڑ سے زائد شیعہ مسلمانوں کی میزبانی کرتا ہے، جو 14 سو سال قبل پیش آنے والے واقعۂ کربلا میں امام حسینؑ کی شہادت کی یاد تازہ کرنے کے لیے یہاں پہنچتے ہیں۔ یہ واقعہ تاریخ تشیع کا ایک فیصلہ کن اور اہم موڑ سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے زائرین مختلف پروازوں کے ذریعے عراق پہنچتے ہیں۔ اگست کے دوران درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے، لیکن شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں عراقی اور ایرانی زائرین سیکڑوں کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرکے اربعین میں شرکت کرتے ہیں۔ حرمین کے اطراف غم اور عقیدت کے باوجود ایک پُرجوش اور متحرک ماحول دکھائی دیتا ہے۔

این پی آر کی صحافی کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں امام حسینؑ سے منسوب تصاویر نمایاں نظر آتی ہیں، جن میں سے بعض قالینوں اور دیواروں پر آویزاں تصویری شکل میں بھی فروخت کی جاتی ہیں۔ تاہم اس سال معمول کے مقابلے میں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصاویر بھی بڑی تعداد میں دکھائی دیں، جنہیں رپورٹ میں ایران کے سابق رہبر کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں اربعین کے غیر تجارتی اور عوامی پہلو کو بھی نمایاں کیا گیا۔ حرم کے اطراف اور کربلا کی جانب جانے والی شاہراہوں پر اربعین سے کئی ہفتے قبل ہی موکب اور استقبالی خیمے قائم کر دیے گئے تھے، جہاں رضاکار زائرین کے لیے مفت کھانا تیار کرکے تقسیم کر رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق حرم کی جانب جانے والی سڑکوں پر کسی زائر کے لیے بغیر پانی یا کھانا پیش کیے گزر جانا تقریباً ناممکن تھا۔ مقامی باشندے بھی اپنے گھروں کے دروازے زائرین کے لیے کھول دیتے ہیں تاکہ وہ سفر کے دوران آرام کر سکیں۔

این پی آر کی رپورٹ نے اربعین کے اس پہلو کو اتحاد، باہمی ہمدردی اور انسانی تعلق کی ایک نمایاں مثال قرار دیا، جو ہر سال اس عظیم اجتماع کے موقع پر دوبارہ جلوہ گر ہوتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha