18 اگست 2026 - 23:33
قطر  کی شام پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

  قطر اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے شام کے صوبہ ادلب میں واقع ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،قطر اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے شام کے صوبہ ادلب میں واقع ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اسرائیلی فضائی حملوں کو خطے کے ممالک کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اس کی کارروائیوں پر جواب دہ نہ ٹھہرانا اور مؤثر روک تھام نہ کرنا اسے مزید جارحانہ اقدامات کی ترغیب دے رہا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ قطر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اگر اسرائیل خطے میں کوئی نئی صورتحال مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

قطر نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

دوسری جانب حماس نے بھی ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک مجرمانہ کارروائی اور ’’منظم ریاستی دہشت گردی‘‘ قرار دیا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج علی الصبح ادلب کے علاقے میں واقع ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا تھا۔ شام کی وزارت خارجہ نے بھی اسرائیل کو حملے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha