اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوج کے فضائی اور توپخانے کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ شہر کے جنوبی علاقے الزیتون پر توپخانے اور فضائی حملوں کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اسی طرح غزہ شہر کے مغربی حصے میں ایک رہائشی مکان اور النصر محلے میں ایک اپارٹمنٹ پر بمباری کے باعث بھی متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
شمالی غزہ میں الفروسیہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا، جبکہ ایک اور نوجوان گزشتہ حملوں میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت پا گیا۔
غزہ کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک ایک ہزار 147 فلسطینی شہید اور 3 ہزار 703 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 73 ہزار 269 فلسطینی شہید جبکہ 173 ہزار 811 زخمی ہو چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ