اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بلوچستان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صدر سہیل اکبر شیرازی نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زائرینِ امام حسینؑ کی سہولت اور مذہبی آزادی کے پیشِ نظر ایران اور عراق جانے والے زمینی راستوں کو بلا تاخیر بحال کیا جائے، تاکہ زائرین اطمینان، عزت اور مکمل تحفظ کے ساتھ سڑک کے ذریعے سفر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی اہلِ بیتؑ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کرتے ہیں، تاہم زمینی راستوں کی بندش کے باعث زائرین کو شدید مشکلات، مالی نقصان اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ زائرین کی سہولت، سلامتی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے وفاقی حکومت، وزارتِ داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ زائرینِ امام حسینؑ کے لیے زمینی راستے فوری طور پر بحال کیے جائیں اور بالخصوص اربعین حسینی اور دیگر مذہبی مناسبتوں کے موقع پر ضروری سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کے ذریعے ان کے سفر کو آسان اور محفوظ بنایا جائے، تاکہ زائرین بلا رکاوٹ اپنے مقدس سفر پر روانہ ہو سکیں۔
آپ کا تبصرہ