اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مرکزی قرارگاہ خاتم الانبیاءؐ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل علی عبداللہی نے اپنے ایک پیغام میں رہبرِ انقلاب اسلامی، آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج انقلاب اسلامی کے اہداف، قومی اتحاد اور یکجہتی کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھیں گی اور عوام، مسلح افواج اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت، دھونس، بالادستی یا وحشیانہ کارروائی کی کوشش کی تو اسے ایرانی مسلح افواج کے باایمان، بہادر اور طاقتور جوانوں کی جانب سے فیصلہ کن اور تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا، اور اس پر ایسی بھاری قیمت عائد کی جائے گی جو گزشتہ مسلط کردہ دوسری اور تیسری جنگ سے بھی زیادہ ہوگی۔
لیفٹیننٹ جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت ملک کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک عوام کے امن و سلامتی کی مضبوط ضمانت ہے، جبکہ یہی دفاعی قوت ملکی ذمہ داران کو عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے بہتر انداز میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن عسکری محاذ پر مسلسل ناکامیوں کے بعد اب عوام اور حکام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، کیونکہ اس کے نزدیک ایران کی داخلی یکجہتی ہی اس کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی اتحاد کو برقرار رکھنا اور دشمن کی اس سازش کو ناکام بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پیغام کے اختتام پر لیفٹیننٹ جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد، حضرت ولی عصرؑ کی عنایت اور رہبرِ انقلاب کی قیادت میں ایرانی قوم کے تاریخی اتحاد اور یکجہتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور شہداء کے راستے کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ