2 جولائی 2026 - 15:57
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں تیز، چھاپے، گرفتاریاں اور فلسطینی املاک کی وسیع پیمانے پر مسماری

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور دیہات میں کارروائیاں تیز کرتے ہوئے گھروں پر چھاپے مارے، متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا اور رہائشی و زرعی املاک کو مسمار کر دیا، جبکہ صہیونی آبادکاروں نے بھی فلسطینی آبادیوں پر حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جمعرات کی علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے رام اللہ، نابلس، جنین، طولکرم، مقبوضہ القدس، الخلیل اور بیت لحم کے مختلف شہروں اور دیہات پر چھاپے مارے، گھروں کی تلاشی لی اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔

ان کارروائیوں کے دوران المغیر، میثلون اور صانور سمیت مختلف دیہات سے کئی فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے بعض علاقوں کے داخلی راستے بھی بند کر دیے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے سلفیت کے مغربی علاقے میں متعدد زرعی تنصیبات کو مسمار کر دیا اور بیت لحم کے جنوب مشرقی علاقے تقوع میں ایک رہائشی مکان کی مسماری بھی شروع کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ مکان کے مالکان کو اپنا سامان نکالنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

اسی دوران صہیونی آبادکاروں نے بھی برقا اور اُمّ الخیر دیہات پر حملے کیے، فلسطینیوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، مقامی رہائشیوں پر تشدد کیا اور فلسطینی گھروں پر اسرائیلی پرچم لہرا دیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha