اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امام مجاہد شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ کے خونیں عروج کی یاد میں قائم مرکزی کمیٹی نے ایک نئے اعلامیے میں آپ کی وداع، تشییع اور تدفین کی تقریبات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اعلامیہ نمبر 3 میں کہا گیا ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
«مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُم مَّن قَضَی نَحْبَهُ وَمِنْهُم مَّن یَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا»
"مومنین میں ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے کیا ہوا عہد سچ کر دکھایا، پھر ان میں سے بعض اپنی ذمہ داری پوری کر چکے اور بعض انتظار میں ہیں، اور انہوں نے اپنے عہد میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔"
اعلامیے میں کہا گیا کہ عالم تشیع کے عظیم مرجع، انقلاب اسلامی کے دانشمند رہبر اور محاذِ حق و مقاومت کے علمبردار امام مجاہد شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کی شہادت پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے۔ آپ نے اپنی پوری بابرکت زندگی اسلام کی سربلندی، حق کے دفاع، عوام کی خدمت اور امت اسلامی کی رہنمائی کے لیے وقف کیے رکھی۔
کمیٹی نے حضرت امام مہدیؑ کی بارگاہ، رہبرِ انقلاب حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور دنیا بھر کے حق پسند اور آزاد منش عوام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے ایرانی عوام اور انقلاب و اسلام کے چاہنے والوں کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق امام مجاہد شہید کے پیکرِ مطہر کے ساتھ ساتھ آپ کے اہل خانہ میں شامل شہید ڈاکٹر مصباح الہدیٰ باقری کنی، سیدہ بشریٰ حسینی خامنہ ای، زہرا حداد عادل اور زہرا محمدی گلپایگانی کی آخری رسومات درج ذیل شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گی:
وداع کی تقریب
ہفتہ 13 اور اتوار 14 تیر 1405 ہجری شمسی (19 اور 20 محرم الحرام)
مقام: مصلیٰ امام خمینیؒ، تہران
تہران میں تشییع
پیر 15 تیر 1405 ہجری شمسی (21 محرم الحرام)
مقام: تہران
قم میں تشییع
منگل 16 تیر 1405 ہجری شمسی (22 محرم الحرام)
مقام: مقدس شہر قم
مشہد میں تشییع اور تدفین
جمعرات 18 تیر 1405 ہجری شمسی (24 محرم الحرام)، شبِ شہادت امام سجادؑ
مقام: مشہد مقدس
اعلامیے کے مطابق تدفین روضۂ منور حضرت امام رضا علیہ السلام میں انجام پائے گی۔
کمیٹی نے ایران کے عوام، دنیا بھر کے آزاد انسانوں، مکتبِ اسلام کے دلدادگان اور ایران سے محبت رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تاریخی اور عظیم الشان تقریبات میں شرکت کرکے شہید رہبرِ انقلاب کو آخری خراجِ عقیدت پیش کریں۔
اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ اگرچہ سرکاری اداروں اور عوامی تنظیموں نے وسیع انتظامات کیے ہیں، تاہم ان تقریبات کا اصل محور ایرانی عوام ہوں گے، جو اس عظیم قومی و اسلامی سوگ کو اپنی بھرپور اور تاریخی شرکت سے یادگار بنائیں گے۔ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
آپ کا تبصرہ