4 جون 2026 - 17:56
مقتدیٰ صدر کا آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

رہنما جریانِ صدر نے کہا: نجف اشرف اور حوزۂ علمیہ کا ایک روشن چراغ بجھ گیا

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مقتدیٰ صدر، رہبرِ جریانِ صدر عراق، نے مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاض کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

مقتدیٰ صدر نے اپنے پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال کو عالمِ تشیع کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف اور اس کے حوزۂ علمیہ کا ایک روشن چراغ گل ہو گیا ہے۔

انہوں نے مرحوم مرجع کے علمی اور معنوی مقام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی وسیع رحمت اور رضوان میں جگہ عطا فرمائے اور ان کا علمی، فکری اور دینی ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ بنا رہے۔

مقتدیٰ صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بزرگ علماء کا علمی و عملی راستہ اور ان کی خدمات ہمیشہ امت کی رہنمائی کرتی رہیں گی اور ان کا چھوڑا ہوا علمی سرمایہ لوگوں کو کمال اور ہدایت کے راستے پر گامزن رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان علماء کے قلموں کی روشنائی اور شہداء کے پاک خون کی برکت سے علم، عملِ صالح اور دینی بیداری کا شجر ظہورِ امام زمانہؑ تک سرسبز و شاداب رہے گا۔

رہبرِ جریانِ صدر نے اپنے پیغام کے اختتام پر اپنے لیے، عراق اور افغانستان کے شیعوں کے لیے، مرحوم مرجع کے اہلِ خانہ، مقلدین، شاگردوں اور تمام عقیدت مندوں کے لیے صبر، سکون، رحمت اور رضائے الٰہی کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha