17 مئی 2026 - 14:02
مآخذ: ابنا
برلن میں فلسطین حامی مظاہروں کے دوران 15 افراد گرفتار

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں فلسطینیوں کے حق میں اور جنگ مخالف مظاہروں کے دوران پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، جرمنی کے دارالحکومت برلن میں فلسطینیوں کے حق میں اور جنگ مخالف مظاہروں کے دوران پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔

جرمن میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ احتجاج "یومِ نکبت" کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا جس میں تقریباً 2000 افراد نے شرکت کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں مارچ کے دوران مبینہ جرائم اور ممنوعہ نعرے بازی کی وجہ سے کی گئیں۔

پولیس کے مطابق مظاہرے کے دوران بعض افسران اور صحافیوں پر حملے بھی کیے گئے جبکہ ایک خاتون پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئی۔

دوسری جانب احتجاج کے منتظمین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے مظاہرین کے خلاف مرچ اسپرے کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے۔

مظاہرین نے "فلسطین پر قبضہ ختم کرو، 78 سالہ نکبت بند کرو" جیسے نعرے لگائے اور غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا۔

یومِ نکبت ہر سال 15 مئی کو منایا جاتا ہے، جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کے بعد لاکھوں فلسطینیوں کی بے دخلی کی یاد دلاتا ہے۔

اسی طرح فرینکفرٹ میں بھی سینکڑوں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی، جبکہ لندن کے علاقے کنزنگٹن میں تقریباً 20 ہزار افراد نے یومِ نکبت کے موقع پر اجتماع کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha