11 مارچ 2026 - 15:17
مجلس علمائے ہند کا آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے تیسرے رہبر منتخب ہونے پر پیغام؛ نظام ولایت و مرجعیت سے تجدید عہد

مجلس علمائے ہند کے سربراہ مولانا کلب جواد نقوی نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب ہونے کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علمائے ہند کے سربراہ مولانا کلب جواد نقوی نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب ہونے کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔ ان کے پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ ربّ العالمین والصلاۃ والسلام علی سیدنا و نبینا محمدوآلہ الطاہرین ۔

اما بعد!
سب سے پہلے ہم آپ کی خدمت میں حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہیں ۔یقیناً ائمہ معصومین علیہم السلام کی شہادت نے ہمیں راہ خدا میں بے لوث جہاد اور حق پر مرنےکا جذبہ عطاکیاہے ۔مسجد کوفہ میں حضرت علیؑ کے سرپرضربت لگاکر دشمنوں نے یہ باورکرلیاتھاکہ قیادت و ہدایت کا سلسلہ یہیں تھم جائے گا،مگرالوہی نظام کےنمائندے امام حسن مجتبیٰ ؑنے امت کی ہدایت اور قیادت کی باگ ڈور سنبھال کر دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملادیاتھا۔اسی طرح رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای قدس سرہ ٗ کو شہید کرکے استعماری اور استکباری طاقتیں یہ گمان کررہی تھیں کہ انہوں نے نظام ولایت فقیہ کاخاتمہ کردیاہے مگر الحمداللہ یہ غدیری سلسلہ رہبر کبیر آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ خمینی رحمۃ اللہ علیہ سے ہوتا ہوا آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دام ظلہ العالی تک آپہنچاہے اور ان شاءاللہ ظہور امام عصرعجل اللہ تعالیٰ الشریف تک یونہی جاری وساری رہے گا۔
مجلس خبرگان رہبری نے جس طرح استعماری اور استکباری دھمکیوں کےباوجود نظام اسلامی کے تحفظ اور اس کی تنظیم کے لئے تیسرے ولی فقیہ کا انتخاب کیا،اس سے مومنین کے دلوں کو تقویت پہنچی۔عالم اسلام کے لئے یہ ایک تاریخی لمحہ اور دشمنوں کی شکست کا واضح اعلان ہے ۔یقیناً ولایت فقیہ کا نظام ’نظام غدیر ‘ ہے جس سے آج بھی دشمن خوف زدہ ہے اور آئندہ بھی ان کے خوف میں اضافہ ہوتارہے گا۔

تجدید عہد
اس موقع پر ہم شیعیان ہندوستان ولی فقیہ حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم اسی طرح نظام ولایت و مرجعیت سے متمسک رہیں گے اور زمانۂ⁠ غیبت میں ولی فقیہ کے دائرۂ اطاعت و ولایت میں رہتے ہوئے ظہور امام عصر عجل اللہ تعالیٰ الشریف کے لئے زمینہ سازی کریں گے اور ظہور کے وقت ان شاءاللہ امامؑ کے ناصروں میں شامل ہوں گے ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha