19 فروری 2026 - 17:54
مآخذ: سچ خبریں
مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت غیر قانونی ہے:پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی حالیہ توسیع پسندانہ پالیسیاں غیر قانونی اور بین الاقوامی و انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی حالیہ توسیع پسندانہ پالیسیاں غیر قانونی اور بین الاقوامی و انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

یمنی نشریاتی ادارے المسیرہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اسرائیلی فیصلوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع اور کنٹرول بڑھانے کے اقدامات عالمی قوانین سے متصادم ہیں۔
انہوں نے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹوں کو بھی مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی غزہ میں حملے جاری رہے جن میں سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا احترام کیا جائے اور بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے غزہ کے عوام کے لیے فراہم کی جانے والی امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس میں اضافے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے حالیہ دنوں میں مغربی کنارے پر کنٹرول مزید سخت کرنے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی ہے، جن میں فلسطینی علاقوں کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ میں 85 ممالک کے نمائندوں نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فلسطینی علاقوں کے عملی الحاق کے مترادف قرار دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ فیصلوں میں زمین کی خرید و فروخت سے متعلق قوانین میں تبدیلی، الخلیل میں مقامات کے انتظامی اختیارات کی منتقلی اور مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے پھیلاؤ کو وسعت دینا شامل ہے۔

ادھر غزہ جنگ کے دوران بھی اسرائیل پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ اس نے علاقے کے عوام پر دباؤ ڈال کر انہیں ہجرت پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha