اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، عراقی میڈیا کے مطابق صوبہ سلیمانیہ میں ایک شہری گاڑی میں آگ لگنے کے بعد دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
عراقی نیوز نیٹ ورک سومریہ کے مطابق ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ واقعہ دوکان روڈ پر کلوانان چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔ آگ لگنے کے بعد گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی جس سے ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
ذریعے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
ادھر خبر رساں ادارے شفق نیوز نے ایک اور سیکیورٹی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ گاڑی اچانک پِیره مَگرون سے سلیمانیہ جانے والی سڑک پر آگ کی لپیٹ میں آ گئی، تاہم دھماکے کی فوری وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔
دوکان کے قائم مقام منتظم سیروان سرحات نے بتایا کہ متاثرہ گاڑی لینڈ کروزر تھی جو بدھ کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر آگ لگنے کے بعد زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ ان کے مطابق ایک مسافر جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکہ فنی خرابی کے باعث ہوا یا گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔
اس سے قبل بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلیمانیہ کے علاقے میں ایک گاڑی کو ترکی کے ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، تاہم مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں اب تک ایک ہی شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے
آپ کا تبصرہ