اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،چین نے ایک بار پھر ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی واضح حمایت کرتے ہوئے اس مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ کے معاون نے ایرانی صدر کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں ایران کے جوہری حق کا دفاع کیا۔
چین کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق لیو بین نے جمعرات کے روز وزارت خارجہ کے قانونی اور بین الاقوامی امور کے نائب وزیر اور صدرِ ایران کے خصوصی نمائندے کاظم غریب آبادی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ ایران کے جوہری مسئلے کے پرامن حل کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کی حمایت کرتا آیا ہے۔
لیو بین نے واضح کیا کہ بیجنگ طاقت کے استعمال کی دھمکیوں اور پابندیوں کے نفاذ کی مخالفت کرتا ہے اور ایران کے اس جائز حق کی حمایت کرتا ہے کہ وہ ایٹمی توانائی کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بارہا اس بات کی یقین دہانی کرا چکا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
چینی عہدیدار نے مزید کہا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایران کے جوہری مسئلے کے لیے ایک مناسب اور پائیدار حل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
اس ملاقات میں کاظم غریب آبادی نے ایران کے جوہری معاملے پر چین کے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران بیجنگ کے ساتھ مسلسل رابطے اور ہم آہنگی کا خواہاں ہے۔
آپ کا تبصرہ