5 فروری 2026 - 18:18
ایران کے پاسداران انقلاب نے دو آئل ٹینکر ضبط کرلیے

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں دو آئل ٹینکر قبضے میں لے لیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی کے مطابق غیر ملکی عملے کے حامل 2 آئل ٹینکروں کو ایندھن اسمگلنگ کے الزام میں تحویل میں لیا گیا ہے۔

تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ضبط کیے گئے ٹینکروں پر کون سے ممالک کے پرچم لگے تھے اور عملے کا تعلق کن ملکوں سے ہے۔

دونوں جہازوں سے 10 لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ایندھن برآمد کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر عملے کے 15 غیر ملکی ارکان کو عدالتی کارروائی کے لیے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے یہ ٹینکر خلیج میں واقع ایرانی جزیرے فارسی کے قریب تحویل میں لیے۔ 

پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ یہ جہاز گزشتہ کئی ماہ سے اسمگلنگ میں ملوث تھے اور نگرانی، انٹیلی جنس معلومات اور سمندری کارروائیوں کے بعد انہیں روکا گیا۔

خیال رہے کہ ایران ماضی میں بھی خلیج اور آبنائے ہرمز میں ایسے ٹینکروں کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے جنہیں ایران غیر قانونی ایندھن تجارت کا حصہ قرار دیتا ہے۔

 ایران میں ایندھن کی قیمتیں دنیا میں کم ترین شمار ہوتی ہیں جس کے باعث دیگر ممالک کو ایندھن اسمگل کرنا منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha