اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید علی خامنہای اور ایرانی قوم کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ رہبر معظم کو دھمکیوں کے بعد ہر مناسب اقدام کریں گے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اسلامی جمہوری ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں کے تناظر میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہای اور ایرانی عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بیروت کے علاقے ضاحیہ میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم ایران کے رہبر آیت اللہ سید علی خامنہای اور ایرانی قوم کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ امام خامنہای، سے بیعت اور وفاداری کا اظہار کریں۔ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ولایت فقیہ کو دھمکیاں دیتا ہے تو مسلمانوں کے لیے خاموش رہنا ممکن نہیں۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ جب ٹرمپ یا کوئی اور رہبر انقلاب کو دھمکی دیتا ہے تو درحقیقت وہ لاکھوں انسانوں کو نشانہ بناتا ہے۔ امام خامنہای کے خلاف دی جانے والی قتل کی دھمکی کو وہ تمام مسلمانوں کے خلاف دھمکی تصور کرتے ہیں۔ ہم اس دھمکی کو اپنے خلاف سمجھتے ہیں اور جو اقدام مناسب ہوا، وہ کریں گے۔
شیخ نعیم قاسم نے ایران میں حالیہ بیرونی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے امریکہ اور صہیونی حکومت کے تخریبی اور دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنایا۔ امام خامنہای کی قیادت میں ایران نہ صرف ثابت قدم رہا بلکہ دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو پرامن جوہری ٹیکنالوجی، میزائل طاقت اور دفاعی صلاحیتوں کے حصول کا مکمل حق حاصل ہے۔شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکا ایک آزاد، خودمختار اور مظلوموں کے لیے سہارا بننے والے ایران کے وجود کو برداشت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ حزب اللہ اور مقاومتی محاذ ایران، اس کی قیادت اور اس کے عوام کے ساتھ ہر سطح پر کھڑا رہے گا۔
آپ کا تبصرہ