اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور ایران میں امن و امان پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلامی جمہوریہ ایران میں موجودہ امن و امان کی صورتحال سے قائد ملت جعفریہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ حالات پُرامن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ایران بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اپنی سلامتی کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی صحت و سلامتی، اسلامی انقلاب ایران اور ایرانی عوام کے تحفظ کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کا رشتہ ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔
قائد ملت جعفریہ کے ہمراہ وفد میں شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے علامہ سید ساجد علی نقوی اور ان کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ