اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جشنِ میلادِ مولا علیؑ کے موقع پر منعقدہ اس مرکزی تقریب میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، استاد خادم حسین برڑو، سید اصغر علی شاہ، مجلس علمائے مکتبِ اہلِ بیتؑ کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری، کربلا امام بارگاہ کے متولی سید مظہر علی شاہ نقوی، چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی احمد علی خان بروہی، استاد محمد عالم کھوسہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میر راجہ خان جکرانی سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جشنِ مولودِ کعبہ کے موقع پر مرکزی کیمپ کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولا علیؑ کی ذات پوری انسانیت کے لیے محبت، عدل اور انسان دوستی کی علامت ہے، اسی لیے آج شیعہ اور سنی مسلمان مل کر آپؑ کا جشنِ ولادت منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ مولا علیؑ کی سیرت اور کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور پیغامِ اہلِ بیتؑ کو عام کریں گے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے عشقِ آلِ محمدؐ کی راہ میں قربانیاں دینے والے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت آج اسلام سربلند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران میں بدامنی پھیلانے کی سازش قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی انقلابِ اسلامی کے خلاف دشمنی کوئی نئی بات نہیں، لیکن ایسی تمام سازشیں پہلے کی طرح ناکام ہوں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عشقِ آلِ محمدؐ کی شمع روشن کر کے پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کو اہلِ بیتؑ کے پاکیزہ کردار سے روشناس کرانا چاہتی ہے۔
اس موقع پر بزرگ رہنما سید مظہر علی شاہ نقوی نے کہا کہ ہم امریکہ کے انسان دشمن عزائم کو ناکام بنائیں گے اور رہبرِ معظم، نائبِ امام سید علی خامنہ ای (دام ظلہ) سے اپنے عہدِ وفا کو ہر صورت نبھائیں گے۔
آپ کا تبصرہ