4 جنوری 2026 - 15:51
مآخذ: ابنا
 الحشد الشعبی اور سکیورٹی فورسز نے وطن کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا: فالح فیاض

حشد الشعبی کے سربراہ فالح فیاض نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی اور عراقی سکیورٹی فورسز نے مل کر وطن کے دفاع، سلامتی اور بقائے باہمی کی ایک واضح اور مضبوط بنیاد قائم کی ہے۔

 اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی عوامی بسیج تنظیم الحشد الشعبی کے سربراہ فالح فیاض نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی اور عراقی سکیورٹی فورسز نے مل کر وطن کے دفاع، سلامتی اور بقائے باہمی کی ایک واضح اور مضبوط بنیاد قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کا قتل ایک کھلا ریاستی دہشت گردی کا عمل تھا، جس کا ارتکاب امریکہ نے کیا۔

 الفرات نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ فالح فیاض نے بغداد میں منعقد ہونے والی ایک سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ تقریب شہید سپہ سالار قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المهندس کی شہادت کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے بحران نے عراقی عسکری ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل میں کردار ادا کیا اور اسی تناظر میں الحشد الشعبی وجود میں آئی۔ بعض عناصر اس امید میں تھے کہ الحشد الشعبی اور سکیورٹی فورسز کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گی، مگر اس کے برعکس دونوں کے تعلقات مزید مضبوط اور روحانی ہو گئے اور انہی کے تعاون سے داعش کے خلاف فتح ممکن ہوئی۔

فالح فیاض کے مطابق، داعش کے دور میں عراق کا سکیورٹی نظام شدید طور پر متزلزل ہو چکا تھا، تاہم الحشد الشعبی نے سکیورٹی اداروں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کو دو قسم کی دہشت گردی کا سامنا رہا: داعش کی دہشت گردی اور القاعدہ کی دہشت گردی، مگر قربانیوں اور مزاحمت کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی دنیا میں، جہاں ’’جنگل کے قانون‘‘ کی واپسی دیکھی جا رہی ہے اور کمزور اقوام کو طاقتور نگل رہے ہیں، عوامی ہتھیار اور عوامی مزاحمت بڑی فوجی و ٹیکنالوجی طاقتوں کے مقابلے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

الحشد الشعبی کے سربراہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہماری تقریبات میں شرکت کرنے سے شرم محسوس کرتے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے، کیونکہ ہمارے مجاہدین نے سماجی ہم آہنگی بحال کی، سرزمین کو آزاد کرایا اور تمام طبقات کا دفاع کیا۔

واضح رہے کہ شہید سپہ سالار حاج قاسم سلیمانی، سابق کمانڈر نیروی قدس سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اور ابو مہدی المهندس، الحشد الشعبی کے نائب سربراہ،بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں اپنے ساتھیوں سمیت شہید ہوئے تھے۔ اس سال ان عظیم مزاحمتی قائدین کی شہادت کی چھٹی برسی منائی جا رہی ہے، جو ایران اور عالمِ اسلام میں اتحاد، شجاعت اور مزاحمت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha