اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے قرآن کریم کی توہین کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور صیہونی دشمن مل کر اسلام کے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ صیہونیوں اور ان کے پیروکاروں کی نفرت ان کی اپنی تاریکی کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ قرآن ان لوگوں کی حفاظت کرتا ہے جو اس سے ہدایت پاتے ہیں۔ قرآن انسانیت کو استبداد اور غلامی سے نجات دلانے کا ضامن ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلام کے دشمنوں کی جانب سے کی جانے والی توہین، جارحیت اور مسلمانوں کے خلاف ہمہ جہت جنگ کے سامنے خاموش رہنا یا انفعالی رویہ اختیار کرنا اپنے فرائض کی ادائیگی میں ایک بڑی لغزش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومتوں کے اندر موجود منافقین اور صیہونیت کے ترجمان دشمن کے ایجنڈے کو نافذ کرنے سے دریغ نہیں کر رہے۔
سید عبدالملک الحوثی نے عوام سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹیوں، اسکولوں اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد علماء کی قیادت میں مقدسات کی توہین کے خلاف اپنا دوٹوک موقف واضح کریں۔
جمعہ کے روز پورے یمن میں عظیم الشان مظاہرے کیے جائیں تاکہ امریکہ اور صیہونیوں کو یہ پیغام جائے کہ یمنی قوم اپنے ایمانی نظریات اور مقاومت کے راستے پر ثابت قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کے مظاہرے مظلوم فلسطینی قوم کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت کا اظہار ہوں گے اور یہ اس بات کی علامت ہوں گے کہ ہماری قوم کفار اور منافقین کی کسی بھی سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
آپ کا تبصرہ