10 دسمبر 2025 - 16:10
پشاور میں سینیٹر خرم ذیشان کی رہائش گاہ پر حملہ قابلِ مذمت ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا ردعمل

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی اختلافِ رائے کے لیے خطرناک رجحان قرار دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کے گھر پر حملے کی خبر نہایت افسوس اور تشویش کا باعث ہے۔ حملے کے نتیجے میں ان کے دو ملازمین زخمی ہوئے، جسے انہوں نے ایک بہیمانہ اور قابلِ مذمت کارروائی قرار دیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے واقعات خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں، اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کی جان، مال اور سیاسی مؤقف کے تحفظ کو یقینی بنائے، خواہ وہ کسی بھی جماعت یا نظریے سے تعلق رکھتا ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات ملک میں سیاسی عدم استحکام کو بڑھا سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے مؤثر اقدامات کرے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے زور دیا کہ ریاستی ادارے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیں اور ایسے اقدامات یقینی بنائیں جو معاشرے میں امن، سیاسی برداشت اور استحکام کو مضبوط کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha