5 دسمبر 2025 - 16:18
شام: داعش نے جولانی انتظامیہ کی گشت پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

داعش نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مسلح عناصر نے جنوبی حلب کے قریب جولانی انتظامیہ کی ایک گشت کو نشانہ بنایا، جس میں دو اہلکار مارے گئے اور دو زخمی ہوئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، داعش نے بدھ کی شام جولانی انتظامیہ سے وابستہ سرحدی و محکمہ جاتی فورس کی ایک گشت پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اس اعلان کو گروہ نے اپنے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے جاری کیا۔

روزنامہ العربی الجدید کے مطابق، داعش کا کہنا ہے کہ اس کے کارندوں نے حلب–دمشق شاہراہ کے قریب، حلب کے نواحی علاقے الزِرَبہ میں گشت پر مامور ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ دعوے کے مطابق، اس کارروائی میں جولانی انتظامیہ کے دو اہلکار مارے گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق، اس حملے میں مارے جانے والوں میں سے ایک، عیسیٰ رعد، جمعرات کو حمص کے نواحی شہر القصیر میں سپردِ خاک کیا گیا۔

جولانی انتظامیہ کے محکمہ گمرک و سرحدی امور کے تعلقاتِ عامہ کے سربراہ مازن علوش نے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر بتایا کہ نشانہ بننے والی ٹیم ایک ٹرک کی حفاظت پر مامور تھی۔ ان کے مطابق، الزِرَبہ کے علاقے میں مسلح افراد کی ایک گاڑی نے گشت پر گھات لگا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی داعش نے ادلب کے قریب شہر سراقب میں جولانی انتظامیہ کی وزارتِ دفاع کے دو اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ حملہ نومبر کے آخری ہفتے میں ہوا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha