25 نومبر 2025 - 16:17
خاتونِ جنت حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس تمام خواتینِ عالم کے لیے اسوۂ حسنہ ہے:علامہ مقصود علی ڈومکی

گوٹھ حوالدار بروہی، جیکب آباد میں سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے موقع پر منعقدہ سالانہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات کی حیاتِ طیبہ صرف عالمِ اسلام نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، گوٹھ حوالدار بروہی میں سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے مجلسِ عزا منعقد کی گئی، جس میں علماء، مومنین، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیدۂ کائنات کی حیاتِ طیبہ، ان کے فرزندوں اور اہلِ بیت کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ خاتونِ جنت حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس تمام خواتینِ عالم کے لیے اسوۂ حسنہ ہے۔ آپ کے دامنِ عصمت سے پروان چڑھنے والے فرزند، امام حسنؑ و امام حسینؑ اور حضرت زینب و ام کلثوم سلام اللہ علیہم، پوری انسانیت کے لیے رہبر و رہنما ہیں۔ نبی کریم (ص)  نے جنابِ فاطمہؑ کو سیدہ نساء العالمین اور آپ کے فرزندوں کو سیدا شباب اہل الجنۃ قرار دیا۔

انہوں نے مؤمنین پر زور دیا کہ عصرِ حاضر میں ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ اسوۂ فاطمی پر عمل کرے اور حق و صداقت کے دفاع میں اسی انداز میں قیام کرے جس طرح دخترِ رسولؐ نے حق کی حمایت میں قیام فرمایا۔ علامہ ڈومکی نے قرآنِ کریم اور وارثانِ قرآن کی تعلیمات کے حوالے سے سیدۂ کائنات کی صداقت، عصمت اور طہارت کی اہمیت اجاگر کی۔

انہوں نے مؤمنین سے اپیل کی کہ ایامِ فاطمیہ کے دوران مجالسِ عزا کا اہتمام کریں تاکہ سیدۂ کائنات کے پیغام اور تعلیمات کا نور گھر گھر پہنچے اور معاشرے کے ہر فرد تک منتقل ہو۔

اس موقع پر مجلسِ عزا میں مدرسہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد کے مولانا حافظ دھنی بخش جعفری، کامران علی کربلائی اور امتیاز علی نے بھی بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام اور سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا کی خدمت میں پرسوز خراجِ عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha