15 جون 2009 - 19:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی عرب کے ہاتھوں شیعیان یمن کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر مؤثر رد عمل کا اظہار کرے.

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین محمدحسن اختری، نے شیعیان یمن کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا: سعودی عرب اور امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو کسی اور ملک میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے.

انھوں نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو یمن کے شیعیان اہل بیت (ع) کے قتل عام کے سامنے خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے اور اس طرح کے غیرانسانی اقدامات کا سد باب کرنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کی بروقت اور فوری کاروائی کی ضرورت ہے جبکہ یہ سب ادارے بظاہر انسانی حقوق کے مدافع و محافظ بھی سمجھے جاتے ہیں.

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے سیکریٹری حنرل نے کہا: یمنی حکمرانوں کو بھی امریکہ اور سعودی عرب جیسے ممالک کو اپنی سرزمین میں مداخلت کی اجازت نہیں دینی چاہئے.

انھوں نے کہا کہ یمن میں دیگر ممالک کی مداخلت سے اس ملک کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے اور پھر سعودی عرب اور امریکہ کی مداخلت بین الاقوامی عرف اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے.

انھوں نے کہا کہ قتل عام کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور دنیا کے ہر ملک میں تمام معاشروں اور برادریوں کو ان کے بنیادی حقوق ملنے چاہئیں چنانچہ یمنی حکومت کو مذاکرات کے ذریعے اپنے اندرونی مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اس سلسلے میں اسے اندرون ملک مفکرین، دانشوروں اور عوام کی مدد سے اختلافات حل کرلینے چاہئیں.