اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں صنعا پر صہیونی حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں یمنی وزیراعظم احمد غالب ناصر الرہوی، کئی وزراء اور ان کے ساتھی شہید ہو گئے۔ سپاہ نے اس کارروائی کو ’’ریاستی دہشت گردی‘‘ اور ’’انسانیت کے خلاف کھلی بربریت‘‘ قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ سفاکانہ حملہ صہیونی رژیم کی درندگی اور غیر انسانی چہرے کو بے نقاب کرتا ہے۔ امریکا کی مکمل پشت پناہی اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی نے اس جعلی رژیم کو خطے میں قتل عام اور جارحیت پر اکسایا ہے۔
سپاہ پاسداران نے واضح کیا کہ ایسے جرائم یمنی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے بلکہ شہداء کا خون خطے میں بیداری اور مقاومت کو مزید تیز کر دے گا۔
بیان میں زور دیا گیا کہ خطے کی اسلامی مقاومت بالخصوص ملت یمن ایمان، استقامت اور عوامی حمایت کے بل پر صہیونی دشمن کو منہ توڑ اور پشیمان کن جواب دے گی۔
سپاہ پاسداران نے اسلامی حکومتوں، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جرائم اور اس کے امریکی حامی کے خلاف عملی اور مؤثر اقدامات کریں اور یمن و غزہ کے مظلوم عوام کی کھل کر حمایت کریں۔
آخر میں سپاہ پاسداران نے یمنی عوام اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ ایران، فلسطین اور یمن سمیت خطے کی مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ کہ مقاومت جاری رہے گی اور فتح بالآخر حق اور حق پرستوں کی ہوگی۔
آپ کا تبصرہ