27 اگست 2025 - 16:34
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، فوجی ترجمان

فوج کے تمام جوان اور افسر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ’عوام اور افواج ایک ہی ہیں، کوئی قوت دراڑ نہں ڈال سکتی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

 اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیٹفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ’آئندہ چند گھنٹوں میں قادر آباد سے انخلا ضروری ہو چکا ہے۔

فوجی افسران نے سیلابی صورتحال میں اس وقت فوج کی طرف سے ریسکیو آپریشن کی تفصیلات فراہم کیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کے تین دریاؤں میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے۔ انھوں نے کہا کہ قادر آباد کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھے گا جب کہ دریائے ستلج میں گندھارا سے ہیڈ خانکی کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ دو روز میں ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پوری طرح تیار ہیں، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج کے اطراف سے دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، ہیڈ خانکی میں 10 لاکھ کیوسک ریلا موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ خانکی اور قادر آباد کے درمیان مزید طغیانی آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب کے شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق جموں میں فلش فلڈ اور بادل پھٹنے سے نقصان ہوا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آئی۔ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، چیف سیکریٹریز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیٹفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کا کہنا ہے کہ ملٹری فارمیشنز کو آرمی چیف کی طرف سے ہدایات دی جا چکی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فوج کے تمام جوان اور افسر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ’عوام اور افواج ایک ہی ہیں، کوئی قوت دراڑ نہں ڈال سکتی‘۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں پلوں اور شاہراہوں کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران فوج کے دو جوان اپنی جان سے گئے اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha