15 جون 2009 - 19:30

برطانیہ کے وزیرداخلہ اوروزیر دفاع پاکستانی حکام سے انسداد دہشت گردی اور دفاعی امور پر بات چیت کے لئے اسلام آباد پہنچے۔

برطانیہ کے وزیر داخلہ ایلن جانسن اور وزیر دفاع باب اینس ورتھ  دو روزہ دورے میں صدر آصف زرداری ،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی اور اہم وزرا سے ملاقاتیں کریں گے۔اپنی آمدسے قبل ایک بیان میں وزیر دفاع باب اینسورتھ کا کہنا تھا کہ مستحکم اور محفوظ پاکستان کا ہدف ناصرف پاکستان بلکہ افغانستان اور برطانیہ کے تحفظ کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خطرے سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے تعاون کو بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہےپاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان عبد الباسط نے بتایا کہ بات چیت میں انسداد دہشت گردی اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاع کے شعبے پر خاص طور پر توجہ دی جائے گی۔اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مستحکم اور محفوظ پاکستان نہ صرف پاکستان کے لئے اہم ہے بلکہ افغانستان میں سیکوریٹی اور برطانیہ کی سیکوریٹی کے لئے بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ ملک کے شمال مغربی سرحدی علاقے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کی قدر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک سے شدت پسندی جڑوں سے ختم کر نا چاہتا ہے اور برطانیہ اس خطرے سے نمٹنے کے لئے اس کے ساتھ کام کر رہا ہے۔