15 جون 2009 - 19:30

جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا ،بھارت اور اسرائیل نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف گٹھ جوڑ کررکھا ہے، روس کی طرح امریکابھی افغانستان سے رسوا ہوکر نکلے گا۔

 پشاور میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور مالاکنڈ میں فوجی کارروائی کا فائدہ صرف امریکا کو پہنچاہے۔ امریکاپاکستانی عوام اور فوج کے درمیان منافرت پیدا کررہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی آمر رخصت ہوگیا لیکن اب بھی ان کی پالیسیاں جاری ہیں ان کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر نے اعتراف کیاہے کہ مشرف کو امریکاکی خدمت کے صلے میں محفوظ راستہ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی افواج کو نکالے بغیر اس خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور جماعت اسلامی نے امریکا کے خلاف قوم کو منظم کرنے کیلئے” گوامریکاگو“ تحریک شروع کررکھی ہے۔اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے فوجی آپریشن ختم کرنے اور نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی اور پشاور کے گردونواح میں ہونے والی طویل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کامطالبہ کیاگیا۔