4 ستمبر 2016 - 13:22
ہانگجو پہنچنے پر امریکی صدر باراک اوباما کو عجیب و غریب صورتحال کا سامنا

امریکی صدر باراک اوباما کو جی ٹوئنٹی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ہانگجو ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی ایک عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک چینی سیکورٹی اہلکارنے چیخ کر کہا کہ یہ ملک اور ہوائی اڈہ ہمارا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما جب چین کے شہر ہانگجو پہنچے تو سخت سیکورٹی اقدامات کی وجہ سے امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس اور وائٹ ہاؤس کے پریس دفتر کے ارکان کو صدر اوباما کے ساتھ اس نیلی رسی کے اندر سے نہیں گذرنے دیا گیا جو سیکورٹی کے سخت انتظامات کے تحت دونوں جانب لگائی گئی تھی اور جہاں سے صرف باراک اوباما کو گذرنا تھا۔

امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس اور ان کے ہمراہ پریس اہلکاروں نے جب دوبارہ صدر اوباما کے ساتھ ہی اس رسّی کے اندر سے ہی گذرنے کی کوشش کی تو چین کے سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں رسّی سے باہر دھکیل دیا۔

اس واقعے پر صدر باراک اوباما کے اسٹاف میں شامل ایک خاتون نے کہا کہ یہ امریکی جہاز اور امریکی صدر ہیں- جواب میں چینی سیکورٹی اہلکار نے انگریزی زبان میں چیخ کر کہا کہ یہ ہمارا ملک ہے یہ ہمارا ہوائی اڈہ ہے اور پھر صدر اوباما کے سوا کسی کو اس مخصوص راستے نہیں گذرنے دیا۔

اس واقعے کے بعد امریکا کی قومی سلامتی کے امور کی مشیر سوزان رائس نے کہا کہ چینی سیکورٹی اہلکاروں نے جو کیا ہے اس کی انہیں توقع نہیں تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169