25 اگست 2016 - 17:18
موصل کے قریب کا اہم شہر دھشتگردوں کے قبضے سے آزاد: حیدر العبادی

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ موصل کے قریب اہم شہر القیارہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سومریہ نیوز ایجنسی نے خبر دی  ہے کہ عراقی وزیراعظم اورعراق کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر حیدرالعبادی نے جمعرات کو اپنے بیان میں القیارہ شہر کی مکمل آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ القیارہ شہر کی آزادی، صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کی آزادی کی جانب ایک اہم قدم ہے- عراقی وزیراعظم نے کہا کہ القیارہ شہر کی آزادی میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل عوامی رضاکار فورس اورعراقی فوج نے حصہ لیا- القیارہ شہر کے مقامی عہدیدار صالح الجبوری نے بھی جمعرات کو اعلان کیا کہ عراقی افواج نے القیارہ شہر پر پوری طرح کنٹرول حاصل کر لیا- اس درمیان عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی اور متحدون دھڑے کے سربراہ اسامہ النجیفی نے جمعرات کو اپنی ملاقات میں موصل شہر کی آزادی کے لئے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا- عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس، موصل شہر کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران اب تک شہر کے آس پاس کے بہت سے علاقوں اور دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا چکی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲