اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پناما پیپرز کے مسلے پر متحدہ اپوزیشن نے ٹی او آر پر مزید بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پاناما پیپرز کے معاملے پر حکومت کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ٹرمز آف ریفرنس کے حوالے سے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک پاناما پیپرز کی تحقیقات کے حوالے سے اپوزیشن کے تیار کردہ ٹی او آرز پر حکومت لچک کا مظاہرہ نہیں کرتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ پارلیمانی کمیٹی مئی میں اسپیکر ایاز صادق نے قائم کی تھی جس کا کام مجوزہ انکوائری کمیشن کیلئے ٹی او آر تیار کرنا ہے۔پپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے بتایا کہ انہوں نے اسپیکر ایاز صادق کو آگاہ کردیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اس صورت میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گی جب انہیں اس بات کی ضمانت دی جائے گی کہ حکومت اپنے موقف میں لچک دکھانے کو تیار ہے۔ ادہر پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے خلاف تنہا ہی احتساب تحریک شروع کرنے کے حوالے سے اعتزاز احسن نے کہا کہ امید ہے جلد تمام اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر متحد ہوجائیں گی۔ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے یہ تاثر دے رہے تھے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت مخالف مہم شروع کرنا اس بات کا عکاس ہے کہ اپوزیشن میں اتحاد نہیں۔
.....
/169