اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران کے دورے پرآئے ناروے کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اب تک اپنے سبھی وعدوں پرعمل کیا ہے لیکن پانچ جمع ایک گروپ کے بعض ممالک اپنے وعدوں پر عمل کرنے میں تاخیر اور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر اپنے وعدوں پرعمل کریں- صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی نے علاقے میں بے شمار مشکلات پیدا کی ہیں کہا کہ دہشت گردی نے جہاں لاکھوں کی تعداد میں بے گناہ لوگوں کی جان لے لی ہے وہیں دسیوں لاکھ کی تعداد میں لوگ گھر بار چھوڑ کر دوسرے ملکوں اور مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں- انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے عالم میں ہورہا ہے کہ جب ہر دین و مذہب اور قوم و ملت میں انسانوں کی جان کا احترام کیا جاتا ہے- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ناروے کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ تہران اوراوسلو کے تعلقات اور تعاون کی توسیع کی راہ میں کسی بھی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے - انہوں نے کہا کہ مختلف علاقائی اورعالمی مسائل میں ناروے کے ساتھ ایران کے صلاح و مشورے کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں - پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی ناروے کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایرانی عوام ایٹمی معاہدے پر فریق مقابل کی جانب سے اپنے وعدوں پرعمل کئے جانے کے منتظرہیں کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایران کی مخلصانہ سفارتکاری کا نقطہ عروج تھا - ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بھی ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برنڈے سے ملاقات میں کہاکہ ایٹمی معاہدے یا مشترکہ جامع ایکشن پلان پر پوری طرح سے عمل درآمد کے لئے ضروری ہے کہ ایران کے خلاف عائد سبھی پابندیاں ختم کی جائیں - ان کا کہنا تھا کہ اگر مقابل فریق نے ایران کے خلاف پابندیوں کو باقی رکھنے کی کوشش کی جو ایٹمی معاہدے کی روح کے منافی ہے تو تہران اس کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کرے گا - ایران اور ناروے کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تاکید کی ہے۔ناروے کے وزیر خارجہ بورگے برنڈے نے اپنے دورہ تہران میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر فریقین نے تعاون کی تین دستاویزات پر دستخط کئے۔
.......
/169