اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ بغداد میں سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ عراقی فوج نے جمعہ کی رات کرکوک میں داعش کے ٹھکانوں بر بمباری کی ہے جس میں کم سے کم سولہ داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں صوبہ صلاح الدین اور کرکوک میں داعش کا خودساختہ گورنر ابومشعان الجنابی اور ابو رضوان العانی بھی شامل ہے۔
دوسری جانب کرد پیشمرگہ ملیشیا نے مشرقی صلاح الدین میں داعش کی پیشقدمی کو ناکام بنادیا ہے۔ اس دوران ہونے والی لڑائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ادھر عراقی فوج نے جنوبی موصل میں پیشقدمی کرتے ہوئے مزید چھے دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک جبکہ بارودی مواد سے لدی متعدد کاروں کو تباہ کردیا گیا۔
دہشت گرد گروہ داعش نے جون دو ہزار چودہ میں عراق کے بعض صوبوں اور شہروں پر قبضہ کرلیا تھا۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پچھلے ایک سال کے دوران بیجی، تکریت، رمادی اور فلوجہ جیسے اہم شہروں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آخرتک موصل شہر کو بھی داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا جائے گا۔
.....
/169