11 اگست 2016 - 15:54
کشمیر میں چونتیسویں روز بھی کرفیو

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جمعرات کو چونتیسویں روز بھی کرفیو کے باوجود پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے بیشترعلاقوں اور سری نگر کے پائین شہر کے علاقےمیں کرفیو بدستورجاری ہے- مختلف مقامات پر جمعرات کو بھی پرتشدد مظاہرہوئے جن میں بہت سے افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وادی کے جن علاقوں میں کرفیونہیں ہے وہاں بھی لوگوں کےاجتماع پر پابندی ہے اور بندش قائم ہے- اس درمیان علیحدگی پسند جماعتوں کی طرف سے ہڑتال کی کال کی وجہ سے بھی معمولات زندگی مفلوج ہیں اور ہر طرح کا کاروبار ٹھپ پڑا ہوا ہے۔

علیحدگی پسند جماعتوں نے بارہ اگست تک ہڑتال اور مظاہروں کی کال دے رکھی ہے۔ دریں اثنا اطلاعات ہیں کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمرفاروق کو ایک بار پھر حراست میں لے لیا گیا ہے-

دوسری جانب جموں کشمیر پیپلزلیگ کے سابق سربراہ شیخ عبدالعزیز کی برسی کے موقع پر جمعرات کو پمپور میں بھی کرفیو لگا دیا گیا ہے- علیحدگی پسند جماعتوں نے کشمیری عوام سے کہا ہے کہ وہ جمعرات کو شیخ عبدالعزیز کی برسی کے موقع کشمیر کی تحریک میں مارے گئے لوگوں کی یاد منائیں اور ان کے لئے فاتحہ خوانی کریں۔

.......

/169