9 اگست 2016 - 04:33
صوبہ غزنی کے شہر گیلان میں بم دھماکہ

افغانستان کے صوبے غزنی کے شہر گیلان میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ غزنی کے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے بم دھماکے میں تین معصوم بچوں سمیت چھے عام شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بم ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ غزنی پولیس حکام نے اس کار بم دھماکے میں طالبان کو ملوث قرار دیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے کار بم کے دھماکوں میں کم از کم دس عام شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن میں دسیوں داعشی مارے گئے ہیں۔ ننگر ہار میں ایک فوجی ترجمان " شیرین فقیری" کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم از کم بارہ داعشی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔

شیرین فقیری نے اپنے بیان میں " لغمان اور کنڑ " صوبوں میں بھی داعش کے خلاف فوجی آپریشن شروع کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے ایک صدراتی حکم نامے کے ذریعے سیکورٹی فورس اور فوج کو داعش کے ٹھکانوں کو نابود کرنے کے لئے زمینی اور ہوائی حملے کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

.......

/169