5 اگست 2016 - 12:03
خطیب نماز جمعہ تہران: آل سعود نے اسلام اور عالم اسلام کو صرف نقصان پہنچایا

تہران کے خطیب جمعہ نے حج کے حوالے سے سعودی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ موحدی کرمانی کا کہنا تھا کہ حج کے حوالے سے آل سعود حکومت کے رویّے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے بارے میں سعودی حکام کے اس قسم سے رویّے سے خود اس ملک کے حکمرانوں کو نقصان پہنچے گا۔ آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایرانی عازمین کو حج کی سعادت سے محروم کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود کو اسلام اور قرآن کا پیروکار کہنے والے سعودی حکام نے آج تک اسلام اور عالم اسلام کو نقصان پہنچانے کے سوا کوئی کام انجام نہیں دیا۔ تہران کے خطیب جمعہ نے اس قسم کے رویّے سے مسلمانوں کے درمیان سعودی حکام کے خلاف نفرت اور بیزاری میں زبردست اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرآن کا واضح حکم ہے کہ مومنوں اور مسلمانوں پر خانہ کعبہ کا راستہ بند کرنے والوں کو دردناک عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تہران کے خطیب جمعہ نے یمن اور شام سمیت، خطے کے بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان ملکوں کے عوام، امریکہ، صیہونی حکومت اور سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیاب ہو جائیں گے۔

.....

/169