7 مئی 2016 - 18:09
ترکمانستان کے وزیرخارجہ کی صدر حسن روحانی سے ملاقات

ترکمانستان کے وزیرخارجہ رشید مرادوف نے تہران میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترکمانستان کے وزیرخارجہ رشید مرادوف نے تہران میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ اس ملاقات میں ایران اور ترکمانستان کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور علاقائی تعاون کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ ترکمانستان کے ساتھ تعلقات کا فروغ اور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کی سطح میں اضافہ کرنا، اسلامی جمہوریہ ایران کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے ایران اور ترکمانستان کے درمیان تعلقات کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے تہران اور عشق آباد کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر حسن روحانی نے ایران اور ترکمانستان کے درمیان ریل روڈ اور سمندری تعاون میں اضافے پر بھی زور دیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ دوجانبہ اور چند جانبہ تعلقات کے فروغ سے خطے کے ملکوں کے درمیان اتحاد اور علاقائی استحکام میں اضافہ ہوگا۔

ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید مرادوف نے اس موقع پر عشق آباد اور تہران کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان اور ایران، دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ اور انسداد منشیات پر متفق ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169