6 اپریل 2016 - 08:23
علاء الدین بروجردی: ایران کی میزائل طاقت کو مضبوط بنانے کی پالیسی تبدیل نہیں ہو گی

ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی میزائل طاقت کو کم کرنے کا اوباما کا خواب پورا نہیں ہو گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق علاء الدین بروجردی نے ہمارے نمائندے سے خصوصی بات چیت میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے، ایران کی میزائل طاقت میں کمی اور اس کی جانب سے مزاحمت کی حمایت ختم کرنے سے مشروط ہونے کے بارے میں امریکی صدر کے حالیہ بیان کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک ایسا ملک ہے جس نے امریکہ کے اشارے پر شروع کی گئی آٹھ سالہ جنگ کا سامنا کیا کہ جس میں ہزار ارب ڈالر کا مالی نقصان ہوا اور اس کے معنوی نقصانات کو تو گنا بھی نہیں جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ایران ایٹم بم تیار نہ کرنے کا پابند اور کیمیاوی اور جراثیمی ہتھیاروں سمیت مہلک ہتھیاروں کا سخت مخالف ہے۔ یہ وہ ہتھیار ہیں کہ جو تمام تر بین الاقوامی اصول و قوانین کے برخلاف امریکیوں کے پاس ہیں اور وہ ان میں اضافہ کر رہے ہیں۔

علاء الدین بروجردی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ارضی سالمیت کے تحفظ اور دشمن کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ میزائل طاقت ہے، مزید کہا کہ ایران کی میزائل طاقت کو مضبوط بنانے کی پالیسی ایک ثابت اور مستقل پالیسی ہے اور یہ تبدیل نہیں ہو گی اور یہ پالیسی تمام حکومتوں میں اسی طرح رہے گی اور تبدیل نہیں ہو گی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میزائل طاقت کو مضبوط بنانے کی پالیسی کی حمایت کرتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169