اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں روسی وزیردفاع سرگئی شوئے کوف کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ شام کے بحران کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق صرف شامی عوام کو حاصل ہے اور ان کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔ روسی وزیر دفاع نے اس ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور شام میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات بارے میں ایک رپورٹ بھی صدر حسن روحانی کو پیش کی۔ صدر حسن روحانی نے اس ملاقات میں بحران شام کے حل اور خطے کی تبدیلیوں کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نگاہ سے روسی وزیر دفاع کو آگاہ کیا۔ روسی وزیر دفاع نے اس ملاقات میں صدر ولادی میر پوتن کا پیغام بھی صدر حسن روحانی کو پیش کیا۔ روسی وزیر دفاع نے ایران کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ۔ سرگئی شوئے کوف اور حسین دہقان نے اس ملاقات میں ایران اور روس کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدوں پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس ملاقات میں آئندہ موسم بہار میں ماسکو سیکورٹی کانفرنس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روس کے وزیر دفاع اتوار کے روز باہمی تعلقات کے فروغ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کی غرض سے تہران پہنچے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169