اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کی انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق بحیرہ اسود میں تعینات روسی بحریہ کا زلیونی دول نامی بحری جہاز بحیرہ روم کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔ ادھر روسی بحریہ کے جاری کردہ بیان میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ مذکورہ بحری جہاز اسد حکومت کی حمایت اور شامی سرزمین پر روسی فوجی کارروائیوں میں حصہ لینے کی غرضے بھیجا جا رہا ہے۔ بیان کے مطابق زلیونی دول نامی یہ جنگی جہاز کیلیبر نامی کروز میزائلوں سے لیس ہے۔ شام میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کی فضائی بمباری پر امریکہ کڑی نکتہ چینی کرتا رہا ہے۔ امریکہ کا دعوی ہے کہ حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روسی فضائی حملوں سے امن مذاکرات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب روسی وزیر اعظم دیمتری میدوی دیف نے میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کسی بھی قسم کی مداخلت، شام میں نہ ختم ہونے والی جنگ پر منتج ہو گی۔ روسی وزیر اعظم نے مغربی ملکوں کے اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بارے میں مغربی پالیسیوں کی وجہ سے نئی سرد جنگ شروع ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲