12 فروری 2016 - 18:58
ایران، عالم اسلام کی عظیم قدرت: رحیم صفوی

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کے اعلیٰ مشیر نے کہا ہے کہ آل سعود کی جانب سے شام میں فوج بھیجنے کا فیصلہ ایک احمقانہ پروپیگنڈہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کے اعلیٰ مشیر سید یحییٰ رحیم صفوی نے ایران کے ہمدان شہر کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل سعود کی جانب سے شام میں فوج بھیجنے کا فیصلہ ایک احمقانہ پروپیگنڈہ ہے۔

انہوں نے کہا ہےکہ اس وقت اسلامی انقلاب ایران سیاست اورثقافت کے میدان میں ایک بہت بڑی طاقت شمارہوتا ہے اوریہ دنیا میں بڑی طاقتوں کے خاتمے کا باعث بنا ہے۔

سردارصفوی نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب نے ملتوں کے درمیان امید اورخود اعتمادی کا ماحول پیدا کیا ہے اوراس وقت دیگرممالک میں بھی استعمارکے خلاف جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران، اسلامی بیداری کا مرکز اورعالم اسلام کی عظیم قدرت شمارہوتا ہے اوریہ انقلاب ایک آئیڈیل ہےکہ جس کی وجہ سے دہشتگردوں کے خلاف شام اورعراق کی مظلوم عوام کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں

انہوں نے کہا ہے کہ شام، لبنان، عراق اور یمن کی مجاہد ملتیں اپنے دشمنوں پرغلبے کی جانب حرکت کررہی ہیں اوراللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے امریکہ،صہیونی اورعربی اتحاد شکست کی طرف جارہا ہے۔

سردارصفوی نے مزید کہا ہے کہ ان حالیہ پانچ سالوں کے دوران شام کے اڑھائی لاکھ افراد اوربارہ ہزارفوجی جوان مارے جاچکے ہیں اورمجاہد ممالک عالمی استعمارکو شکست دے رہے ہیں اوراب حکومت آل سعودنے شام میں فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہےکہ جو فقط ایک احمقانہ پروپیگنڈہ ہے کیونکہ آل سعود کی بری فوج اتنی طاقتورہوتی تو وہ یمن پرغلبہ پالیتی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲