7 فروری 2016 - 20:19
انقلاب اسلامی نے دنیا بھر میں اسلامی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا: حجت الاسلام جمشیدی

حجت الاسلام جمشیدی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد پوری دنیا میں اسلام کی روشنی پھیلی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام جمشیدی نے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی امام خمینی(رہ) کی انتھک محنتوں اور خلوص کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی(رہ) نے ایرانی قوم میں بیداری کی ایسی روح پھونکی کہ ایرانی قوم شاہ کے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی جس کے بعد شاہ کو بھاگنا پڑا اور انقلاب اسلامی ایران کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم نے انقلاب برپا کرنے میں اہم کردار ادا کیا اس کے ساتھ ساتھ علمائے دین کا اپنا کردار بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے شاہ کے مظالم کو سہنے کے باوجود حق کا پرچم بلند رکھا اور امام خمینی(رہ) کی حمایت جاری رکھی جس کے نتیجے میں اللہ تعالی نے انقلاب اسلامی کو کامیاب کیا۔

حجت الاسلام جمشیدی نے کہا کہ آج اسی انقلاب کی برکت سے دنیا بھر میں اسلام کی روشنی پھیلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا آپ ذرا سوچیں ایسے ممالک جہاں کبھی تشیع کا نام بھی نہیں لیا گیا تھا اسی طرح اسلامی تعلیمات کا وہاں نام تک نہیں تھا لیکن انقلاب اسلامی کی برکت سے ان ممالک میں آج اسلام کا بول بالا ہے۔

حجت الاسلام جمشیدی نے کہا اس لئے اسلامی تہذیب کے فروغ میں گذشتہ صدی کے انقلاب اسلامی ایران نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

.......

/169