1 فروری 2016 - 11:27
عشرہ فجر کا آغاز، ایران بھر میں جشن و سرود

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی تاریخی وطن واپسی کے دن اور عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے آج بارہ بہمن مطابق یکم فروری کو سارے ایران میں جشن کا سماں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز آج صبح اس تاریخی لمحے ہوا جس لمحے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح ایران کی سرزمین میں داخل ہوئے تھے۔ ان تقریبات کا آغاز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے حرم مطہر کے احاطے میں ہوا۔ ان تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد، شہدا کے خاندان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ احترام کی علامت کے طور پر آج کلیساؤں کے گھنٹے بجائے گئے اور ایران کے تمام اسکولوں میں انقلاب اسلامی کے ترانے پڑھےگئے۔

بارہ بہمن کی تقریبات کو کوریج دینے کے لئے پانچ سو پچاس سے زیادہ نامہ نگار اور کیمرہ مین ان تقریبات میں شریک ہیں جن میں سے اسّی نامہ نگار اور کیمرہ مین غیر ملکی ہیں۔

دریں اثنا ایران کے تمام اسکولوں میں اسلامی انقلاب کی گھنٹی بھی بجائی گئی اور طالب علموں نے امام خمینی رح اور انقلاب کے بارے میں اشعار پڑھ کر بانی انقلاب اسلامی ایران اور شہدا کی امنگوں کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کی تجدید کی۔

واضح رہے کہ امام خمینی رح پندرہ سال ایران سے باہر رہنے کے بعد یکم فروری سنہ انیس سو اناسی کو ایران واپس آئے اور ایران میں آپ کے اس تاریخی داخلے کے ساتھ گیارہ فروری سنہ انیس سو اناسی کو انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہو گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲