12 دسمبر 2015 - 19:06
توہین رسول اسلام(ص) کے خلاف لکھنو میں احتجاجی مظاہرہ

اہانت رسول خدا (ص) کے مجرم کملیش تیواری کے خلاف آج مجلس علماء ہند کی جانب سے مولانا سید کلب جواد نقوی کی سرپرستی میں بھارتی شہر لکھنؤ کی آصفی مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ ابنا۔ اہانت رسول خدا (ص) کے مجرم کملیش تیواری کے خلاف آج مجلس علماء ہند کی جانب سے مولانا سید کلب جواد نقوی کی سرپرستی میں بھارتی شہر لکھنؤ کی آصفی مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ اہانت رسول (ص) کا مجرم صرف کملیش تیواری ہی نہیں ہے بلکہ وہ نام نہاد مسلمان وزیر بھی ہے جس نے پہلے ہندو مہا سبھا کے خلاف بیان دیا۔ مسلم وزیر کے بھڑکاؤ بیان کے بعد کملیش تیواری نے اہانت رسول (ص) کی ہے لہذا اس وزیر کو بھی اہانت رسول (ص) کا مجرم مانتے ہوئے گرفتار کیا جائے اور سزا دی جائے۔ مولانا کلب جواد نے کہا کہ یہ ہندو مہا سبھا اور اس وزیر کی ملی بھگت سے ہوا ہے تاکہ ہندو مسلمان آپس میں لڑتے رہیں اور ووٹ تقسیم ہوجائیں یہ نام نہاد مسلمان وزیر ریاستی سرکار کو لے ڈوبے گا۔ مولانا کلب جواد نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کو ذہنی ٹارچر کررہی ہیں اس لئے رسول خدا (ص) کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے اور بھڑکاؤ بیانات دیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت اہانت رسول (ص) کے خلاف شیعہ و سنی مسلمانوں کو مل کر بڑا مظاہرہے کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح رسول خدا (ص) کا کارٹون بنانے والے کے خلاف شیعہ و سنی علماء نے مشترکہ احتجاج کیا تھا اسی تاریخ کو دہرانے کی ضروت ہے تاکہ متعصب افراد کے منہ بند ہوں اور سرکار مجبور ہوکر اسکے خلاف پھانسی کی سزا دینے کی کاروائی کرے۔ مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ اہانت رسول (ص) کی سزا شریعت میں موت ہے لہذا صرف اسکی گرفتاری سے کچھ نہیں ہوگا حکومت اسے سزائے موت دے، اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو سمجھا جائیگا کہ ریاستی حکومت بھی اہانت رسول (ص) میں اسکے ساتھ شامل ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد بڑے امام بارگاہ کے باہر ہندو انتہا پسند لیڈر کملیش تیواری کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اہانت رسول کے جرم میں کملیش تیواری کو پھانسی کی سزا دی جائے اور اس وزیر کے خلاف بھی ویسی ہی کاروائی ہو جس کے بھڑکاؤ بیان کی وجہ سے کملیش تیواری نے اہانت رسول کی جرأت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲