13 اگست 2015 - 09:51
ایران کے وزیر خارجہ کی پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقے کے اہم ترین مسائل پر گفتگو کی گئی۔ محمد جواد ظریف نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک کے درمیان ایٹمی معاہدے کے بعد، دونوں ممالک کے مابین تعاون میں فروغ اور علاقے کے مسائل کے سیاسی حل کے بارے میں گفتگو کی۔ اس سے قبل اسلام آباد ایرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے دورے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان کے اعلی عہدے داروں کے ساتھ گفتگو کے دوران اقتصادی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر غور کیا جائے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ اپنے ایک روزہ دورہ اسلام آباد میں خارجہ اور قومی سلامتی کے امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز، سینیٹ کے سربراہ رضا ربانی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق سے بھی ملاقات کریں گے۔ محمد جواد ظریف پاکستان کی قومی اسمبلی کی روابط خارجہ کمیٹی سے ملاقات سمیت متعدد دیگر نشستوں میں بھی شرکت کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169