4 اگست 2015 - 10:54
جان کیری: امریکا عرب ممالک کو جدید ترین ہتھیاردے گا

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کو جدید ترین ہتھیار فروخت کرنے کے عمل میں تیزی لائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے پیر کے دن خلیج فارس تعاون کونسل کے اجلاس میں کہا کہ اس کونسل کے رکن ممالک کو جدید ترین امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے عمل میں تیزی لانے کے سلسلے میں واشنگٹن اور ان ممالک کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ملک خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے میں باہمی تعاون میں توسیع اور مشترکہ جنگی مشقوں کے سلسلے میں بھی اہم قدم اٹھائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات اور مذاکرات بھی کئے۔
یہ ملاقات ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے۔
امریکی وزیرخارجہ جان کیری خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات اور علاقے خصوصا یمن اور شام کی صورتحال نیز بین الاقوامی صورتحال کے بارے میں مذاکرات کے مقصد سے پیر کے دن مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے-

۔۔۔۔۔۔۔۔

/169