اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کے دن امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں امیر کویت کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی جانب سے دوستی کا پیغام پہنچانے کے علاوہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کے نتائج کی بھی وضاحت کی۔ اس ملاقات میں امیر کویت نے ایران کی ایٹمی پیشرفت اور اس کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد دو ہزار دو سو اکتیس کی منظوری پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مقابلے کے لئے دونوں ممالک کا باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ محمد جواد ظریف کے دورہ کویت کا مقصد دو طرفہ تعلقات میں توسیع، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون اور دہشت گردی کے موثر مقابلے کے بارے میں اس ملک کے حکام کے ساتھ مشاورت کرنا ہے۔ اس ملاقات میں امیر کویت کے علاوہ اس ملک کے وزیر اعظم کے جانشین اور وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح، تہران میں کویت کے سفیر مجدی الظفیری، امیر کویت کے بعض مشیر نیز اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور کویت میں ایران کے سفیر محمد فراز مند بھی موجود تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کویت سے روانہ ہونے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ محمد جواد ظریف نے اتوار کے دن صبح کے وقت اپنا دو روزہ علاقائی دورہ شروع کیا۔ کویت کے بعد وہ قطر اور اس کے بعد عراق جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲