اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرحان الحق نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان میں تعینات اقوام متحدہ کے مبصرین کا گروہ پاکستان کی جانب سے ہندوستان پر لگائے جانے والے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزام کا جائزہ لے رہا ہے۔ پاکستانی فوج نے ہندوستان اور پاکستان میں موجود اقوام متحدہ کے مبصرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کے بارے میں تحقیقات انجام دے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ ہفتوں کے دوران خصوصا لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی بنا پر جمعرات کے دن سیالکوٹ میں تین اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مبصرین کا گروپ سنہ انیس سو انچاس سے کشمیر میں موجود ہے اور وہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی نگرانی کرتا ہے۔
.......
/169