21 جولائی 2015 - 08:31
مذاکرات سے دوطرفہ توسیع کا راستہ ہموار ہوا ہے: ڈاکٹر لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات سے دو طرفہ تعاون میں توسیع کا راستہ ہموار ہوا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پارلیمنٹ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے نائب چانسلر اور وزیر اقتصادیات و توانائی زیگمار گابریل نے پیر کے دن تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات سے دو طرفہ تعاون میں توسیع کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کا ایٹمی معاہدہ باہمی تعاون میں توسیع کا سبب بن سکتا ہے۔ انھوں نے ایران اور جرمنی کی اقتصادی اور تجارتی کمپنیوں کے ایک دوسرے کے ملک کے دوروں کو فریقین کے لئے فائدہ مند قرار دیا اور کہا کہ ایران اور جرمنی کے درمیان صنعت و ٹیکنالوجی خصوصا توانائی کے شعبے میں ہمیشہ باہمی تعاون رہا ہے اور اب اس میں توسیع کے لئے منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔ جرمنی کے نائب چانسلر نے بھی اس ملاقات میں ایران میں جرمنی کے اعلی سطحی وفد کی موجودگی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع لانے کے سلسلے میں اپنے ملک کی دلچسپی کی علامت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ روایتی تعلقات برقرار رہے ہیں۔ جرمنی کے نائب چانسلر نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ باہمی سیاسی اور اقتصادی تعاون میں توسیع، نظریات سے آشنائی اور علاقائی اور عالمی مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں ممد و معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲