20 جولائی 2015 - 10:03
جرمنی کا اعلی سطحی وفد تہران پہنچ گیا

جرمنی کے نائب چانسلر زیگمار گابریل ایک اعلی سطحی اقتصادی اور تجارتی وفد کے ساتھ تہران پہنچے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے نائب چانسلر زیگمار گابریل کی سربراہی میں جرمنی کا ایک ساٹھ رکنی وفد ایران کے ساتھ جرمنی کے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں توسیع کے مقصد سے ایران کے دورے پر تہران پہنچا ہے۔ یہ وفد اتوار کے دن سہ پہر کے وقت تہران پہنچا- جرمنی کے نائب چانسلر اور وزیر اقتصاد و توانائی زیگمار گابریل اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ کی دعوت پر ایران آئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت پٹرولیم میں یورپ، امریکا اور کسپیئن سی کے امور کے ڈائریکٹر حسین اسماعیلی نے شانا کے ساتھ گفتگو میں اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی معاہدہ ہونے کے بعد جرمنی کا وفد سب سے پہلے ایران آیا ہے، کہا کہ پابندیوں سے قبل جرمنی ایران کا سب سے بڑا تجارتی حلیف تھا اور یہ ملک مختلف صعنتی شعبوں میں اچھی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ حسین اسماعیلی نے ایران میں جرمنی کے وفد کے ایجنڈے کے بارے میں کہا کہ یہ وفد ایران کے نجی اور سرکاری اقتصادی شعبے کی شخصیات اور حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ وزیر پٹرولیم، وزیر خارجہ، وزیر صنعت و معدنیات و تجارت اور وزیر توانائی سے بھی ملاقات کرے گا۔

.......

/169