اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن اور اٹلی کے وزیر اعظم ماتیو رینزی نے جمعے کے دن ایران کے جوہری مسئلے اور ویانا میں ہونے والی مفاہمت کے سلسلے میں گفتگو کی۔ اٹلی کے وزیر اعظم نے ان مذاکرات کی کامیابی میں روس کے کردار کو انتہائی مثبت قرار دیا۔ یاد رہے مذاکرات کا یہ سلسلہ بائیس مہینے قبل شروع ہوا تھا اور یہ سلسلہ چودہ جولائی دو ہزار پندرہ تک جاری رہا، جب ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے ارکان نے پرامن جوہری معاہدے پر اتفاق رائے کر لیا۔ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد ایران پر مسلط کردہ تمام پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔ ادھر پوتن اور رینزی کی گفتگو میں دونوں ممالک کے سربراہوں نے شام اور لیبیا کے مسئلے کو بھی پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ روسی صدر اور اٹلی کے وزیر اعظم نے اس ٹیلی فونی گفتگو کے دوران، توانائی اور صنعت کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔
.......
/169